تازہ ترین

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی : وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی...

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

مودی کے خلاف فتوے پر امام مسجد کی گرفتاری کا مطالبہ

نئی دہلی: بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے کلکتہ کے ایک امام مسجد پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف فتویٰ دینے پر پولیس کو شکایت درج کروا دی اور ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ کی ٹیپو سلطان مسجد کے شاہی امام محمد نور الرحمٰن برکتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف فتویٰ جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ مودی 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کی بندش کے اقدام کے ذریعہ عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔

آل انڈیا مجلس شوریٰ اور آل انڈیا مائنرٹی فورم کی مشترکہ کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ مودی کے اس اقدام کی وجہ سے ہر روز ہزاروں لوگ مشکلات اٹھا رہے ہیں اور انہیں ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کرنسی نوٹوں پر پابندی کے باعث بھارتی عوام سخت اذیت میں

انہوں نے مودی کے خلاف فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس پالیسی سے لوگوں کو بیوقوف بنا رہے ہیں اور کوئی انہیں اس عہدے پر براجمان نہیں دیکھنا چاہتا۔

امام برکتی کے فتوے نے بی جے پی کو سیخ پا کردیا۔ بی جے پی کے ریاستی سربراہ دلیپ گھوش نے ایک بھارتی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام مسجد نے نہ صرف وزیر اعظم بلکہ ملک کی عوام کی توہین کی ہے۔ ’ہم انہیں سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے امام مسجد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا۔

دلیپ گھوش کا کہنا تھا کہ انہوں نے امام مسجد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے اور پولیس سے کہا ہے کہ وہ اس پر ایف آئی آر کی حیثیت سے اقدامات اٹھائیں۔

مزید پڑھیں: کرنسی نوٹوں کی بندش تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا: راہول گاندھی

واضح رہے کہ اس سے قبل مذکورہ امام مسجد نے دلیپ گھوش کے خلاف بھی فتویٰ جاری کیا تھا۔ گھوش نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔

دوسری جانب بی جے پی کے مرکزی سیکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری امام مسجد کی گرفتاری کا حکم دیں۔ ان کا اقدام سخت قابل مذمت ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت میں بڑے پیمانے پر جعلی کرنسی اور کالے دھن کو جواز بنا کر 500 اور 1000 کے کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور نوٹوں کی تبدیلی کے لیے عوام کو بہت کم وقت دیا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -