نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے مسافر خوفزدہ ہوگئے، اندر موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ طیارے کی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
بھارتی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 دہلی سے جبل پور آرہی تھی، 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اسے اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔
فلائٹ میں موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیبن میں دھواں بھر چکا ہے اور مسافر خوفزدہ ہو گئے۔
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پنکج دوبے بھی اسی فلائٹ میں سفر کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی دھواں نظر آیا تمام مسافر خوفزدہ ہیں۔
پنکج نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام بچے رو رہے تھے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ بچوں کو کیسے سنبھالیں، سامان سنبھالیں یا خود کو بچائیں۔
ان کے مطابق کیبن کرو نے فوری طور پر مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے کا مشورہ دینا شروع کر دیا، اس دوران طیارے کا اے سی بند تھا اور لوگوں کا دم بھی گھٹ رہا تھا۔
بعد ازاں پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ بحفاظت دہلی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور انہیں جلد منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔
#SpiceJetStatement:
On July 2, 2022, SpiceJet Q400 aircraft was operating SG-2962 (Delhi-Jabalpur). While passing 5000ft, the crew noticed smoke in the cabin. The pilots decided to return back to Delhi. Aircraft landed safely at Delhi and passengers were safely disembarked. >>— SpiceJet (@flyspicejet) July 2, 2022
پرواز میں کیا تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔