ساؤتھ ہمپٹن: انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاداب خان کی جگہ فواد عالم یا فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنر شاداب خان کی جگہ فواد عالم یا فہیم اشرف کی شمولیت متوقع ہے، اگر فواد عالم فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو وہ نمبر 6 پر بیٹنگ کریں گے۔
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فواد عالم 2009 کے بعد سے اب ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
مزید پڑھیں: وسیم اکرم کا دوسرے ٹیسٹ میں فواد عالم کو شامل کرنے کا مطالبہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ ٹرننگ وکٹ ہوگی، قومی ٹیم کو ایک اسپنر اور ایک ایکسٹرا بیٹسمین کے ساتھ جانا چاہئے، میں اگر کپتان ہوتا تو فواد عالم کو مڈل آرڈر میں شامل کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اظہر علی اور اسد شفیق نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسکور نہیں کیا اور اگر آپ کے سینئر کھلاڑی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے تو ٹیم کا حوصلہ پست ہوجاتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اظہر علی کو اپنی باڈی لینگویج اور کمیونی کیشن اسکلز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔