کراچی: کراچی کنگز کے ایمرجنگ پلیئر فواد علی اپنے مزدور والد کو آرام کی زندگی فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی فواد علی کا تعلق خیبر پختونخوا کے شہر سوات سے ہے، جن کی سلیکشن 2023 میں سوات ٹیلنٹ ہنٹ کے دوران ہوئی تھی۔
فواد علی کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں کرکٹ کی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں، اس لیے انھوں نے صرف ٹیپ بال کرکٹ ہی کھیلی تھی، لیکن پھر سلیکشن کے بعد جب انھیں کراچی بلایا گیا، تو یہاں ان کی صلاحیتوں کو نکھارا گیا۔
کراچی کنگز کی شاندار فتح، پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف حاصل کیا
سوات کے فواد علی نے 12 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف ڈیبیو کیا، ان کا کہنا ہے کہ ڈیبیو میچ میں انھوں نے کوئی گھبراہٹ محسوس نہیں کی، اور کپتان ڈیوڈ وارنر اور حسن علی ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
بولنگ آل راؤنڈر فواد علی نے کہا ’’کراچی کنگز کے اسکواڈ کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے، میرا تعلق سوات سے ہے اور میرے والد مزدوری کرتے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا ’’میری خواہش ہے کہ اپنے والدین کو آرام کی زندگی فراہم کر سکوں، اور پوری کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے لیے اچھا پرفارم کروں۔‘‘