اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے، بی جے پی کے اندرونی دباؤ پر وزیراعظم مودی نے مذاکرات منسوخ کئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے، پاناما کیس میں مودی کے دوست نوازشریف گئے ، رافیل ڈیل مودی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ رافیل ڈیل کی وجہ سے مودی شدید مشکل میں ہیں، مودی پاکستان کانام استعمال کرکےبھارتی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
فوادچوہدری نے کہا مودی کے لئے سیاست عوام سے زیادہ اہم ہے، مودی،بی جے پی اپنی جنگ بھارت میں لڑیں توہمیں مسئلہ نہیں، بیرونی مسائل پرتوجہ کے بجائے اپنی جنگ خود لڑو۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، بی جے پی کے اندرونی دباؤ پر وزیراعظم مودی نے مذاکرات منسوخ کئے۔
مزید پڑھیں : بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے، فواد چوہدری
گزشتہ روز وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔
فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے، بھارت اپنے گریبان میں جھانکے، بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب دینا جانتے ہیں، بھارت اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے، وہ سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔