جدہ : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیےاقدامات کررہے ہیں، معاملات آخری مراحل میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہون نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب اورچین سے مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکال رہے ہیں، ہم پاکستان کو مستقل بہتری کی طرف لے کرجارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں جو 10سال میں قرضہ لیا گیا وہ کہاں لگایا گیا ہے؟ معاشی حالات کے باعث پاکستان کو مشکلات درپیش ہیں۔
مختلف جرائم کے الزام میں سعودی عرب میں قید پاکستانیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہی ہے
اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات جاری ہے، قیدیوں کی رہائی کے معاملات آخری مرحلےمیں ہیں، امید ہے پاکستانی جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔
پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں فیکٹریاں لگیں گی تو نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، جہلم میں سب سے زیادہ فیکٹریاں ہم نے لگائیں، ستّر ارب روپے کے قریب بجٹ جہلم کو ملاہے۔