اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ملک سب کو خوش کرنے کیلئے نہیں چلا سکتے، ملکی معیشت چلانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، عمران خان غریبوں کا درد رکھنے والےانسان ہیں، نہ عمران خان اورنہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل سروسز کی بہت قدیم تاریخ ہے، تمدن کی سب سےپہلی نشانی ڈاک کی ترسیل کا نشان ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان جن حالات میں ملااس میں تمام ادارےنقصان میں ہیں، آئی ایم ایف نہیں جاناچاہتے تھے لیکن ایکسپورٹ 45 دن کارہ گیا ہے، رواں سال 8ارب ڈالر قرضوں کی مد میں ادا کرنے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک کا قرضہ28ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا ہے، ملکی معیشت چلانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، غریب پر اتنا بوجھ ڈال دیا گیا کہ مزید اٹھانے کی سکت نہیں رہی، ایک طبقہ امیر سے امیر تر اور دوسرا غریب سے غریب تر ہوگیا ہے۔
خواجہ سعدرفیق نے اپنے 8ہزار لوگ ریلوے میں بھرتی کئے
فواد چوہدری نے کہا کہ اپنے لوگ اداروں میں بھرتی کرائیں گے تو الیکشن جیت ہی لیں گے، یہ لوگ جتنا چاہے رولیں احتساب کا عمل اسی طرح جاری رہےگا، اداروں کی کمزوری ریاست کی کمزوری ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو یہاں کاروبار کے مواقع دیں گے، 28 ارب ڈالر ملک چلانے کیلئے چاہییں، اس سال ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے 8ارب ڈالر چاہییں، حالات بدلنے کیلئے اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں، پاکستان مزید عمومی روش پر نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا خیر مقدم کریں گے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ لوٹ کامال نکلوانےکی بات کرتے ہیں تو شورمچ جاتاہے، ماضی کی حکومتوں کی پالیسی کی وجہ سےہم پسماندہ رہ گئے، ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں ، اپوزیشن قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
انھوں نے کہا ہم ملک سب کو خوش کرنے کیلئے نہیں چلاسکتے، سب کو خوش کرنے میں لگے تو نظام میں بہتری نہیں آئےگی، سرکاری ٹی وی کوساڑھے7ارب مل رہے ہیں، نقصان میں نہیں ہوناچاہیے، 4 ارب روپے ریڈیو پاکستان کو ملیں تو نقصان میں نہیں ہونا چاہئے۔
عمران خان غریبوں کادردرکھنےوالےانسان ہیں
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان غریبوں کادردرکھنےوالےانسان ہیں، نہ عمران خان اورنہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے، مشکلات سے نکل کرہی قومیں بنتی ہیں، پاکستان کامستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان کو مستحکم اور طاقتور ملک بناکر چھوڑیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ افواہیں ہیں آئی ایم ایف روپے کی قدر میں کمی کرائے گا، جو لوگ یہ کر رہے ہیں، جوا کھیل رہےہیں، آئی ایم ایف سے پیکج آئیں گے تو روپے کی قدر بڑھے گی، آئی ایم ایف، چین، سعودی عرب کے پیکج آنے سے ڈالر کی قدر کم ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کڑوا گھونٹ نہیں لینا چاہ رہے تھے لیکن لے لیا ، اب تگڑا سفر شروع کریں گے۔