اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مریم نواز جھوٹوں کی آئی جی اور مریم اورنگزیب پی ایس اوہیں، قوم منتظر ہے کب آپ دستاویز پیش اورپیسوں کا حساب دیں، قوم کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز جھوٹوں کی آئی جی اور مریم اورنگزیب پی ایس اوہیں، کہا جارہا ہے تھوڑا انتظار کریں، قوم برسوں سےانتظار کر رہی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قوم پیسوں کےحساب کےلیےان کی دستاویزکی منتظر ہے، 134 دن مقدمہ چلا 6 ماہ سے احتساب عدالت میں سماعت جاری ہے، سادہ سے سوالات ہیں جن کے جواب نہیں دیے جا رہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ وہ کہہ رہی تھیں لندن تودور پاکستان میں بھی ان کی کوئی پراپرٹی نہیں، دستاویز سےثابت ہوچکا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی مالک آپ ہیں، اب آپ کہہ رہی ہیں کہ تھوڑا اور انتظار کریں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ قوم کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے، آپ کے پاس بتانے کو کچھ ہے تو بتائیں ورنہ اڈیالہ جانے کی تیاری کریں۔
مزید پڑھیں : لاڈلہ صاحب سے کہیں بس چند دن انتظار کرلیں، مریم نواز
یاد رہے کہ عمران خان نے ٹوئٹر پر مریم نواز کے مبینہ جھوٹ اور برٹش ورجن آئی لینڈ کی فنانشنل انوسٹیگشن ایجنسی کی دستاویز شیئر کئے اور لکھا تھا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مریم نواز ہی اربوں روپے مالیت کے مےفیئرز فلیٹس کی مالک ہیں، انکا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں چنانچہ یہ پیسہ نواز شریف نے چرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کرکے باہر بھجوایا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مریم نوازاور شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہباز کے ٹی وی انٹریوز کی ویڈیو بھی شیئر کی اور کہا مریم نواز نے کرپشن اور چوری کے پیسے سےخریدی گئی جائیدادیں بچانے کیلئے جھوٹ بولا۔
جس کے بعد مریم نواز نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ لاڈلہ صاحب سے کہیں بس چند دن انتظار کرلیں، واجد ضیا خود ان کاغذات کی حقیقت بتادیں گے۔