اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی روایت کو برقراررکھا جائے گا، اس لئے عمران خان شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکے لئے جمہوری طریقے کو فالو کرنا ضروری ہے، امید ہے اسپیکر کے انتخاب میں 175سے زائد ووٹ لیں گے، ہمارے اتحادی بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، جو اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ سے متعلق فیصلے دو سے تین دن میں ہوجائیں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا قائداعظم محمدعلی جناح کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھراحتساب عدالت پرحملہ کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتھے احتساب عدالت پرمسلسل حملے کررہےہیں، مسلم لیگ ن کے احتساب عدالت پرحملےکی مذمت کرتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا یہ نہیں ہوسکتا لوگوں کوعدالت بھجوا دیں نعرے بازی کرائیں، عدالتوں پرحملوں کارویہ قبول نہیں کیا جائے گا،عدالتوں پر حملے ہوں گے نوازشریف کا جیل میں ٹرائل ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف شیروانی زیب تن کر کے اُٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔