اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں کرونا وائرس صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی جان لے چکا ہے۔
فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، ہم پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کر کے احتیاط کا مظاہرہ کر سکتے ہیں، کیوں کہ پارلیمنٹ کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مؤقف تھا کہ ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیے جائیں۔
فواد چوہدری کی اسمبلی اجلاس پر تنقید، وقت کا ضیاع قرار دے دیا
یاد رہے کہ 11 مئی کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کئی اراکین اور عملے کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے سیاسی قیادت کو غیر ضروری خطرے میں ڈال دیا ہے۔
اگلے دن انھوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے قومی اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے وقت کا ضیاع قرار دیا، انھوں نے لکھا کہ اسمبلی کے اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو اس حوالے سے خط بھی لکھ چکا ہوں۔ ان کا مؤقف تھا کہ پہلے ماہرین سے بریفنگ لی جائے کہ کرونا ہے کیا؟