لاہور: صوبہ پنجاب کی لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان تحریک انصاف کے فواد چوہدری کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے دونوں رہنماؤں کی نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اپیلیٹ ٹریبونل نے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے کا الزام لگا کر تاحیات نااہل قرار دیا جبکہ انہوں نے تمام تر دستاویزات کاغذات نامزدگی کے ساتھ فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ اپیلیٹ ٹریبونل کو کسی کو تاحیات نااہل قرار دینے کا اختیار نہیں ہے۔
فواد چوہدری کے وکیل نے دلائل دیے کہ فواد چوہدری کو اثاثے چھپانے اور کاغذات نامزدگی میں بیرون ممالک کے دوروں پر اٹھنے والے اخراجات ظاہر نہ کرنے کے تحت نااہل قرار دیا گیا جبکہ انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا سرٹیفیکیٹ بھی پیش کیا مگر اس کا جائزہ نہیں لیا گیا۔
فواد چوہدری کے وکیل نے استدعا کی کہ اپیلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد دونوں رہنماؤں کی نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس عبد الرحمٰن لودھی نے این اے 57 سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔
بعد ازاں شاہد خاقان نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا جس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو معطل کردیا تھا۔
دوسری جانب فواد چوہدری کے این اے 67 جہلم کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بھی نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
فواد چوہدری کی نااہلی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر بھی لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو معطل کردیا تھا۔
آج ہائیکورٹ نے دونوں کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔