بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

توہین الیکشن کمیشن کیس : فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ، جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کمشنر کے سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے، دوران سماعت فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کرتے ہوئے کہا میری معذرت قبول کریں اور شو کاز نوٹس واپس لے لیں۔

سابق رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک ادارہ ہے،میں ان کا ترجمان تھا ، ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں ، میں قانونی کیسز میں نہیں پڑنا چاہتا آپ کے لیے احترام ہے، اس وقت پارٹی کی پوزیشن تھی جو میں بیان کی۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پارٹی چیف آپ سے قتل کرائیں تو کیا آپ کریں گے، جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں کروں گا۔.

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی چیئرمین کو ئی غلط بات کرے تو کیا مان لیں گے ، آپ کی جماعت نے کمیشن اور میری ذات کے حوالے سے کیا کیا نہیں کہا، میری بیوی کے بارے میں اوپن جلسے میں کہا گیاپھر میڈیا پرمکر بھی گئے، ماحول ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے معافی مانگتے ہوئے کیس ختم کرنے کی استدعا کی، جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں