اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے نیب دفتر کےباہرکارکنوں کی ہنگامہ آرائی پر پیپلزپارٹی کی قیادت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے ، اگر حد عبورکریں گے تو ریاست اپنی ذمے داری پوری کرےگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے بلاول بھٹو اورآصف زرداری کی نیب میں پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا آ ج بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو نیب نے تفتیش کیلئے بلایا، پیشی پر پی پی پی کے تقریبا 500 کے قریب کارکنان جمع ہوئے، بد قسمتی ہے ان میں سے چند درجن لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا یہ عجیب رویہ ہےکہ کوئی آپ کوتفتیش کےلیے ہی نہ بلائے، کیا آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کوتفتیش کیلئے کیوں بلایا ؟ پیپلز پارٹی قیادت نے جو رویہ اپنایا وہ بدقسمتی ہے۔
افہام وتفہیم چاہتےہیں لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ احتساب نہیں ہوگا
وزیراطلاعات نے کہا رویہ کالعدم تنظیموں سےکیسے مختلف ہے، جن پرنیشنل ایکشن پلان کانفاذہورہا ہے؟ یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے، 4 پولیس اہلکار وں اور 2 کیمرہ مین کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ امیدہے نیب دفتر کے باہرکارکنوں کے رویے پر پیپلزپارٹی قیادت پولیس اورقوم سےمعافی مانگےگی، ہم افہام وتفہیم چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ احتساب نہیں ہوگا۔
فوادچوہدری نے کہا بلاول خطاب ایسے کر رہے تھے جیسے سامنے لاکھوں کا مجمع ہو، حملے میں پولیس نے صبر کا مظاہرہ کیا ، پولیس کی معاملہ غیر جانبداری سے نمٹانے کی کوشش قابل ستائش ہے، ہم پولیس کے اسی رویے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، اگرحد عبورکریں گے تو ریاست اپنی ذمے داری پوری کرےگی۔
وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں پر مقدمات ہیں انہیں ان کا سامنا کرنا ہوگا، ممکن نہیں کہ آپ تحقیقات کے عمل کو متاثر کر سکیں۔
خیال رہے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں سابق صدرآصف زرداری اور پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نیب دفتر میں پیشی کے موقع پرپی پی کے کارکنان کی ہنگامہ آرائی اورکارکنان کےپتھراو سے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔