اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

مینار پاکستان واقعے کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جعلی اور اصلی خبروں سے متعلق فرق سمجھنے کی بہت ضرورت ہے، بھارتی چینل نے مینار پاکستان واقعے کو اچھالا اور یہ تاثر دیا کہ خواتین پاکستان میں غیر محفوظ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا مینار پاکستان واقعے کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا، حالاں کہ اس کیس کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، بھارتی میڈیا کی جانب سے فیک نیوز کا طوفان برپا کیا گیا، پڑوسی ملک کے میڈیا نے پاکستانی معاشرے پر بے جا تنقید کی۔

غلط معلومات کے دور میں صحافت اور سیاست کے موضو ع پر منعقدہ تقریب میں انھوں نے کہا پہلے ادوار میں خبر کا ملنا مشکل تھا، اب سچی اور جھوٹی خبر کا فرق مشکل ہے، خبر کو پھیلانے کے بہت سے ذرائع ہو گئے ہیں، اس لیے خبر دینے والوں کی صحیح تربیت ہونا ضروری ہے۔

فواد چوہدری نے کہا خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اور جعلی کی تمیز کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ڈیجیٹل میڈیا وِنگ اب کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے، اظہار رائے کی آزادی سے متعلق عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پاکستانی میڈیا میں بہت سے لوگ فیک نیوز پر چل رہے ہیں، خاص کر اب جو بہت سے یوٹیوب چینل بن گئے ہیں، ان کا خیال ہے کہ وہ جو مرضی کہتے رہیں ان پر پکڑ نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندر مباحثے کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک قانون سازی کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں