اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اپنے حلقے کا دورہ، بارش سے نقصانات پر دکھ کا اظہار

اشتہار

حیرت انگیز

جہلم: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے حلقے کا دورہ کیا اور بارش سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جہلم میں اپنے حلقے کا تفصیلی دورہ کیا، انھوں نے حالیہ بارش سے علاقے میں نقصانات کا جائزہ لیا اور کندوال میں نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے ہونے والے تباہی پر میڈیا میں بات ہو رہی ہے مگر ملک کے دیگر دور افتادہ علاقوں کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا حالیہ بارشوں سے پنڈدادن خان تحصیل میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، کندوال میں 100 کے قریب گھر بارشوں سے تباہ ہوئے، وزیر اعلیٰ پنجاب پنڈدادن خان کا تفصیلی دورہ کر کے اپنا کردار ادا کریں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جلد آغاز کرے، ہم مستقبل میں برساتی نالے کا رخ تبدیل کرنے کے لیے حفاظتی بند تعمیر کریں گے، تحصیل پنڈدادن خان میں لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہم کوشاں ہیں۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے اے پی سی سے متعلق بھی بات کی، انھوں نے کہا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، دراصل فضل الرحمان صاحب نے حلوہ زیادہ بنا لیا اور لوگ کم تھے، تو انھوں نے باقیوں کو بھی ساتھ ملا لیا، اس لیے یہ ساری حلوہ پارٹی ہے۔

انھوں نے کہا یہ لوگ آئیں گے، بیٹھیں گے اور چلے جائیں گے، اور اے پی سی ختم ہو جائے گی، ہم نے اپنی توانائیاں مثبت کاموں پر صرف کرنی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں