بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنا ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دی گئی: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنا ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دی گئی۔ سرکاری زمین پر قرضہ لے کر گھر بنائے جائیں گے۔ گھروں کے لیے بینک قرضہ فراہم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر کھڑا کرنے اور ڈاکوؤں سے پیسہ برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں، ریمانڈ کے دوران ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوسکتے، اسپیکر نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔

- Advertisement -

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بھی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج نہیں کرنا چاہیئے تھا، بدعنوان عناصر سے لوٹا ہوا پیسہ واپس نکلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن شور مچانے کے بجائے الزامات کا جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ذاتی طور پر ایک قرارداد جمع کروا رہا ہوں، قرارداد کے مطابق بدعنوان عناصر سے متعلق ایک کمیٹی بننی چاہیئے۔ بدعنوان عناصر کو قومی مجرم کی حیثیت سے دیکھنا چاہیئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنا ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دی گئی۔ ضرورت مندوں کا تعین کرنے کے لیے 250 روپے کا فارم جاری کر رہے ہیں، سرکاری زمین پر قرضہ لے کر گھر بنائے جائیں گے۔ گھروں کے لیے بینک قرضہ فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر وائس مارشل (ر) ارشد کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کیا جائے گا۔ پی آئی اے پر 406 ارب روپے قرضہ ہے، پی آئی اے ہر ماہ 2 ارب روپے نقصان کر رہی ہے۔ ادارے کا ری اسٹرکچرنگ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبے کا تخمینہ لاگت سے زیادہ ہے، ایئرپورٹ منصوبے کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 36 ارب سے شروع منصوبہ 100 ارب تک کیسے پہنچا تحقیقات ہوں گی۔ ’جہاں بھی ہاتھ ڈالیں پتہ چلتا ہے اپنے ہی رشتے دار ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں ہائی پروفائل کیسز کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کے کام کی تعریف کی ہے۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے قبضہ مافیا کے خلاف بہترین کام کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ محمد میاں سومرو نجکاری کمیشن کے نئے چیئرمین ہوں گے، وزیر مملکت شہریار آفریدی کو ای سی ایل سے متعلق ٹاسک دیا گیا ہے، جن لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ان کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں گے۔ عون عباس کو ایم ڈی بیت المال تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو بھی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، پاکستان میں 40 ارب ڈالر ترسیلات زر آتے ہیں، 40 میں سے 10 ارب ڈالر ترسیلات زر قانونی طریقے سے پاکستان آتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ترسیلات زر سے متعلق گورنر اسٹیٹ بینک کو بلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر درآمد موبائل کام نہیں کریں گے، اسمگل موبائل فونز سے متعلق ایک طریقہ کار تیار کر لیا گیا ہے۔ نیب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ چین پر جا رہے ہیں، دورے سے چین کی سرمایہ کاری بڑھے گی، رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ سگریٹ مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہباز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کے آنے سے پارلیمنٹ کو ان سے سوال پوچھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے ساتھ مل کر اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں