اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے لیکن پاکستان کی ایسی پالیسی نہیں، جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان جنگی جنون کا شکار نہیں ہوا، پوری دنیا میں مودی اور ان کی پالیسیوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی تعریف کی جارہی ہے، گزرتے وقت کے ساتھ ہم جنگ سے دور ہو رہے ہیں۔ بھارت کا سمجھدار طبقہ بھی جنگی جنون پر سوالات اٹھا رہا ہے۔ بھارتی عوام مودی سے پوچھتے ہیں کہ الیکشن کے لیے عوام کو کیوں خطرے میں ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں جن ممالک نے کردار ادا کیا ان کے شکر گزار ہیں۔ چین، ایران، ترکی، عرب ممالک، سعودی عرب اور امریکا کے شکر گزار ہیں۔ مودی سے سوالات اٹھانے والے طبقے کے بھی مشکور ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم کرنا ہے اسی پالیسی پر گامزن رہیں گے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑ رہا ہے۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کے لیے اقوام متحدہ کے قانون کو اپنایا گیا۔ پاکستان کے اقدامات سے دنیا بڑی تباہی سے بچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتیں بھی ملک کا حصہ ہیں اور قومی دھارے میں ہمارے ساتھ ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے معذرت کی، اقلیتوں کی عزت نہیں کریں گے تو مہذب ملک نہیں مانا جائے گا، تمام اقلیتوں کا احترام ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ملکی سیاستدانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، عالمی سطح پر پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے اصول پر مبنی اپنا نکتہ نظر دنیا کے سامنے پیش کیا، ہمارے دوست ممالک اور امریکا نے پاکستانی مؤقف کی تائید کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں دنیا نے ہمیں مثبت ردعمل دیا ہے، پاکستان کو کسی قسم کے خطرے اور چیلنج کا سامنا نہیں ہے۔ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے لیکن پاکستان کی ایسی پالیسی نہیں۔