اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے پاکستان سپر لیگ پاکستان میں واپس آئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے پاکستان سپر لیگ پاکستان میں واپس آئی، پاکستان میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی ٹیم کے میچ کے دوران فوجی ٹوپی پہن کر کھیلنے پر فواد چوہدری نے بھارتی ٹیم پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا فوجی ٹوپی پہن کر میچ کھیلنا انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) قوانین کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے بتایا ہے کہ معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیں گے، اگر آئی سی سی نوٹس نہیں لیتی تو اس کامطلب ہے کہ وہ اپنے ہی قانون پر عمل درآمد نہیں کروا سکتی۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو سمجھتے ہیں کہ حالیہ اقدام پر بھارتی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگا دینی چاہیئے، آئی سی سی کو بھارت کی جانب سے کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے پر نوٹس لینا چاہیئے، فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے پر ایک کھلاڑی پر پابندی لگائی گئی تھی۔