اسلام آباد : وزیرطلاعات فوادچوہدری نے کہا پاکستان کی مثبت کوششوں سے توہین آمیزخاکوں کا معاملہ رکا، پی ٹی آئی حکومت نوازشریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائے گی، آرمی چیف نے واضح کیا ہے فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرطلاعات فوادچوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کو گزشتہ رات بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی، پاکستان کی مثبت کوششوں سے توہین آمیزخاکوں کا معاملہ رکا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کامقابلہ ملتوی ہوگیاہے، ہم نے معاملے پر ترکی اوراوآئی سی کو ساتھ شامل کیا اور ہالینڈ سے شدید احتجاج کیا گیا، جس پر ہمیں کامیابی ملی،اس قسم کے معاملات پر عالمی لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ اس قسم کےاقدامات کرتاہے، مخصوص ٹولے کا مقصد عالمی سطح پر کشیدگی ہوتاہے، کسی کو اجازت نہیں جومذہبی جذبات کوٹھیس پہنچائے، وزیراعظم نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔
پاک فوج ہیڈکوارٹر کے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان نےجی ایچ کیو کا دورہ کیا ، جہاں انھیں جی ایچ کیومیں حساس معاملات پربریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے واضح کیا ہے فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے اور وزیراعظم نے کہا تمام چیلنجز سے تن تنہا نہیں نمٹا جاسکتا، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراطلاعات نے کہا حکومت کا کام ہے، پالیسی بنائے تو تمام ادارے اسٹیک ہولڈرہوں، پی ٹی آئی حکومت اور دیگرحکومت کی پالیسی میں فرق ہوگا، حکومت کی پالیسی ریاست کی پالیسی ہوگی، نوازشریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائیں گے۔
پاک بھارت تعلقات سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، فائدہ کسی کا نہیں ہوگا،بھارت معاہدہ کرے غربت کیخلاف جنگ کرتے ہیں، بھارت کےساتھ تعلقات کومعمول پر لانا اہم ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرکےبغیرخطےمیں استحکام ممکن نہیں،
انھوں نے مزید کہا ایران برادر ملک ہے، وزیرخارجہ دورےپرآئےہوئے ہیں اور چین کے ساتھ ہمارے معاشی رشتےکوبرقراررکھیں گے، یہ نہیں ہو سکتا ہے، امریکا کیلئے چین سے تعلقات ختم کردیں، پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ممالک سے بہترین تعلقات چاہتاہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا وزیراعظم کا خواب ہے ایشیامیں غربت کاخاتمہ کیاجائے، فن کاروں کیخلاف غلط زبان استعمال نہیں کی جانی چاہیے، تاریخ میں پہلی بار تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا وزیرخارجہ نے ہالینڈ کے ہم منصب سےرابطہ کیا، ہالینڈ کے وزیرخارجہ کو کہا گیا توہین آمیز خاکے ناقابل برداشت ہیں، معاملے کو فوری طور پر رکوائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا جاپان کے ساتھ تعلقات میں مزیدمضبوطی لائیں گے، جاپانی سرمایہ کاروں کوپاکستان کی طرف راغب کرینگے، ہم تو چاہتے ہیں امریکا اور روس بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔
افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا افغانستان کے معاملے میں پیچیدگیاں ہیں سادہ نہیں، افغانستان میں امریکا،روس اور ایران کے مفادات ہیں، ہم افغانستان میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔