اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں اپوزیشن کے جلسے کے سلسلے میں غیر یقینی صورت حال اور کنفیوژن کے حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چشم کشا ٹویٹ کر کے احتجاج کرنے والوں کا پول کھول دیا۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا کہ جدوجہد کی بنیاد اور نظریہ نہ ہو تو جے یو آئی جیسے مارچ ہوتے ہیں، مخصوص طبقہ مفادات کے لیے ملکی مفاد پس پشت ڈال دے تو مقبولیت نہیں ملتی۔
فواد چوہدری نے لکھا کہ یہی سب کرپٹ بچاؤ تحریک کے ساتھ ہو رہا ہے، جب جدوجہد کی بنیاد ہی نہ ہو، اور جب تک عام آدمی تحریک سے نہ جڑے مقبولیت کیسے ملے گی۔
تازہ ترین: آزادی مارچ جلسہ ملتوی نہیں ہوا ، مولانا فضل الرحمان کا اعلان
واضح رہے کہ مولانا کا مارچ اسلام آباد کے قریب ہے، تاہم ن لیگ کے اچانک اعلان نے سب اپوزیشن کو تتر بتر کر دیا، مریم اورنگزیب نے کہا سانحہ تیزگام کے سبب جلسہ ملتوی کیا جا رہا ہے، جس پر مولانا نے کہا فیصلہ ہم نے کرنا ہے، ہمارا جلسہ ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جلسہ ملتوی نہیں ہوا، سب اسلام آباد کی طرف رخ کریں، ن لیگ کی قیادت کو بتا دیا کہ اسلام آباد میں جلسہ آج ہی ہوگا۔ دوسری طرف جلسہ گاہ میں آج عجیب منظر دکھائی دیا، اے این پی اور ن لیگ نے الگ الگ جلسے کیے جب کہ مولانا کا دور دور تک کچھ پتا نہیں۔