اسلام آباد :وفاقی وزیربرائےسائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا عید کی بحث ختم ہوئی ، اب ہجری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ سوموار 12 اگست اور محرم یکم ستمبر بروز اتوار کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائےسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا چلیے اس عید کی بحث ختم ، اب اگلے 2 اہم اسلامی دن یعنی عیدالاضحیٰ اورمحرم کب ہیں، ہجری کیلنڈرکےمطابق عیدالاضحیٰ سوموار12 اگست کوہوگی اور محرم یکم ستمبر بروز اتوار کو ہو گا
چلئے اب اس عید کی بحث ختم ، اب اگلے دو اہم اسلامی دن یعنی عید الاضحیٰ اور محرم کب ہیں ، ھجری کیلنڈر کے مطابق عید الا ضحیٰ سوموار 12 اگست 2019 اور محرم یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہو گا۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 6, 2019
یاد رہے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر تیار کیا تھا ، جس میں 2019 تا 2024 عید الفطر، عید الاضحی، رمضان المبارک اور دیگر اسلامی مہینوں کے چاند نظر آنے کی تاریخیں طے کی گئی تھیں۔
بعد ازاں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے رویت ہلال کے لیے تشکیل کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایک بار پھر حتمی اعلان کیا تھا کہ اس سال عید الفطر 5 جون کو ہوگی۔
مزید پڑھیں : آئندہ 5 سال کا اسلامی کلینڈر تیار ہوگیا
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے والی ایپ متعارف کرائی تھی اور اس کا لنک انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا تھا۔
واضح رہے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب اور فواد چوہدری کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی تھی، قمری کلینڈر بنانے کے اعلان پر مفتی منیب نے وفاقی وزیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ قمری کلینڈر کے مطابق عید پانچ جون کو ہے جبکہ رویتِ ہلال کمیٹی پہلے ہی چار جون کو عید کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس طلب کرچکی۔
ماہرین کے مطابق عیدین اور رمضان کے چاند کا تنازع اس سال بھی حل ہوتا نظر نہیں آرہا کیونکہ فی الحال مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم بھی اس معاملے پر متفق نہیں جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے ایپ اور کلینڈر پر غور کرنے کے لیے عید کے بعد کا وقت مانگا ہے۔