اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ سے رابطہ اور طبی رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیان میں کہا کہ برطانیہ سےرابطہ اور طبی رپورٹس کی انکوائری درست فیصلےہیں، پی ٹی آئی کے بیانیےاور احتساب کو نواز شریف کی روانگی نےدھچکا دیا، جعلی رپورٹس کی تیاری میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔
نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں، تحریک انصاف کے بیانئے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی نے شدید دھچکہ دیا ، جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہئے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 22, 2020
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو وطن واپس لانےکیلئے قانونی آپشنز کا استعمال کرتے ہوئے لیگل ٹیم کو “گو سلو پالیسی” ترک کرنےکی ہدایت کی تھی۔
وزیر اعظم نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کو وطن لانے کے لیے حکومت سارےقانونی راستےاختیار کرےگی، نوازشریف کی وطن واپسی کیلئےقانونی اقدامات تیز کئے جائیں۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر لندن گئے تھے، دفتر خارجہ سے درخواست کریں گے نواز شریف کو وطن واپس لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس پاکستان 6 ماہ میں آنا تھا، پنجاب حکومت نے ان کی میڈیکل رپورٹ طلب کی تھی لیکن ان کی جانب سے میڈیکل رپورٹ نہیں بھیجی گئی، اب حکومت قانون کے مطابق فیصلے کرے گی، ہم ہر قانونی ذرائع استعمال کر کے نواز شریف کو واپس لائیں گے۔