اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کورمضان کا چاند نظر آجائے گا اور انشا اللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا، اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مولانا منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں، ان کا احترام ہے، ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا اتنا چھوٹا کورونا کہاں سے نظر آنا ہے، وزارت مذہبی امور کی اس جانب توجہ دلائی ہے کہ سربراہ وزارتی کمیٹی حکومتی احکامات کا مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟
مولانا منیب الرحمنٰ ہمارے بزرگ ہیں احترام ہے لیکن ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا اتنا چھوٹا کرونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے، وزارت مذھبی امور کی توجہ دلائ ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 15, 2020
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائے گا اور انشااللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا، پہلے ارادہ تھا چاند دیکھنے کیلئے اس بار لوگوں کو اکٹھا کریں گے ، اب کورونا نے ہر اجتماع کینسل کرا دیا، انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے۔
جہاں تک رمضان کا تعلق ہے 24 اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائیگا اور انشاآللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔ پہلے ارادہ تھا اس بار لوگوں کو اکٹھا کریں گے چاند دیکھنے کیلئے لیکن اب کرونا نے ہر اجتماع کینسل کرا دیا۔ انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 15, 2020
یاد رہے محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند 24 اپریل کو بروز جمعہ نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ 23 اپریل جمعرات کو شعبان کی 29 ویں تاریخ ہوگی اور چاند افق پر پانچ ڈگری سے کم ہوگا۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش 23 اپریل بروز جمعرات صبح کے وقت ہوگی۔
خیال رہے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے 2 ماہ قبل ہی رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کا اعلان کردیا تھا، جس کے مطابق امارات سمیت تمام خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 24 اپریل جبکہ عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔