ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

آرٹیکل 6 کے کیسز بننا شروع ہوئے تو رسیاں کم پڑ جائیں گی، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سابق وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 6 کے کیسزبنناشروع ہوئےتورسیاں کم پڑجائیں گی گلےبہت زیادہ ہیں، ایسی باتیں نہ کریں ورنہ ہمیں سب کچھ بتانا پڑ جائے گا کہ کیا کیسے ہوا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیرقانون اور باقی وزرا خوشی کے شامیانے بجا رہے ہیں، پاکستان میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کی تاریخ شاندارنہیں رہی، سپریم کورٹ ججمنٹ کوکتنی پذیرائی ملے گی بعد میں دیکھا جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ غلطیوں سےعبارت ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، سندھ ہاؤس میں جو ہورہا تھا اس وقت ججز کو جاگنا چاہئے تھا ، ججمنٹ سے پہلے کیا ریمارکس تھے ، وقفے کے بعد اچانک کیا ہوگیا۔

سابق وزیر نے کہا کہ وزیرقانون تھا تو کھڑےہوکربات کی سائفرپر بات اورتحقیقات نہیں ہوئیں، اب تو سپریم کورٹ کے سامنے رونا ہی باقی رہ گیا باقی کیا کچھ نہیں کہا، عقلمند لوگوں کو معلوم ہے کہ سائفر کی تفتیش آخر کیوں نہیں ہورہی، جومٹیریل ہم نے لگایا تھا وہ تو آپ پڑھنے کو تیار نہیں۔

انھوں نے بتایا کہ صدرپاکستان نے بھی سپریم کورٹ کو خط لکھ رکھاہے، ابھی تک اس کا جواب نہیں آیا کمیشن بھی نہیں بنایا جا رہا، ایک طرف سائفر پڑھنے کو تیار نہیں دوسری طرف تحقیقات نہیں کررہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو فیصلوں کا حق دینا ہوگا، پاکستان میں جس طرح کی پالیسیز بن رہی ہیں یہ مذاق ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کل سابق امریکی وزیردفاع نے کہا امریکا دنیا میں رجیم چینجز آپریشن کرتارہا اور ہماری سپریم کورٹ کہہ رہی ہے نہیں نہیں اس طرف نہ جائیں، ایک طرف ججمنٹ دے رہے ہیں کہ یہ میٹریل وہاں پلیس نہیں کیا گیا، یہ نہیں ہوسکتا ججز اور جنرلز بند کمروں میں فیصلے کرتے رہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ چیزیں زیادہ دیر نہیں رہ سکتی عوام کو فیصلے کرنا ہوں گے، قوم اب انقلاب کیلئے تیارہے، فیصلہ آپ نے کرنا ہے انقلاب ووٹ سے آئے گا یا سری لنکا کی طرح آگے بڑھنا ہے۔

سابق وزیر نے خبردار کیا کہ آرٹیکل 6 کے کیسز بننا شروع ہوئے تو رسیاں کم پڑجائیں گی، گلے بہت زیادہ ہیں، ایسی باتیں نہ کریں ورنہ ہمیں سب کچھ بتانا پڑ جائے گا کہ کیا کیسے ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بڑی سیاسی طاقت ہے اس کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے، موجودہ اسمبلی میں کوئی بھی ریپریزنٹڈ نہیں ہے، اسمبلی راجا ریاض اورشہبازشریف کومبارک ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ انشااللہ پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے آئے گی اور جب ہم آئیں گے تو پھر ججمنٹ کے حوالے سے کام ہوگا، ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی اگر وہ ٹرائل اوپن ہوا تو ججز کیلئے مسئلہ بن جائے گا، پاکستان کے سیاسی فیصلے سیاسی میدان میں ہونے دیں۔

امریکی سائفر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سائفرجس کے نتیجے میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی عمل میں آئی، اس سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے پاس یہ سائفر پڑھا ہوا ہے، ججز صاحبان سے پوچھیں کہ وہ سائفرکیوں پڑھنے نہیں دیتے۔

فواد چوہدری نے مریم نواز کی تقاریر کے حوالے سے کہا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں وہ اعلان کررہی ہیں تیل کی قیمتیں کم یازیادہ ہورہی ہیں، آپ جومرضی کرلیں یہ طوفان اب نہیں رک سکتا۔

موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت فراڈیوں پرمشتمل ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی سیاست تباہ کردی ہے، ن لیگ اورپیپلزپارٹی سمجھتی ہے لوگ بیوقوف ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکا کی نئی کولڈ وار اسی خطے میں ہے، ہمارا وزیراعظم خود کو فقیرسمجھتا ہے، وہ کہتے ہیں میری شکل سے لگتا ہوگا میں فقیر ہوں اورمانگنے آگیا ہوں، انہیں پتا ہی نہیں کہ وہ کتنی اہم ذمہ داری پربیٹھے ہوئے ہیں۔

عدالتی فیصلے سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں بہت سے تضادات ہیں ، قومی اسمبلی اس وقت مقبوضہ اسمبلی ہے اسے آزاد کرانا ہے، پاکستان میں ججزاورجرنیلوں کےبغیرملک نہیں چلتے، میں ججز اور نہ ہی جرنیلوں پربات کر رہا ہوں ایشوز پر بات ہورہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں