اسلام آباد : وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا سے درانی صاحب نے منع کیا تو سابق وزیراعلیٰ رئیسانی اور سارے وزیر ان پر چڑھ دوڑے کہ ہمیں گاندھی گیری مت سکھاؤ۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کے نشتر برسا دئیے، فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا سے متعلق ایک میٹنگ چل رہی تھی، جس کی سربراہی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کررہے تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ میٹنگ کے دوران آیت اللہ درانی صاحب نے کہا اتنے لائسنس ممنوعہ بور کے نہ دیں ہر طرف اسلحہ ہوجائے، جس پر سابق وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی اور سارے وزیر ان پر چڑھ دورے اور کہا کہ ہمیں گاندھی گیری مت سکھاو۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ماحول میں بھی دھیمے مزاج کا شخص آیت اللہ درانی اپنے موقف پر کھڑا رہا۔
خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آیت اللہ درانی کچھ دیر قبل 64 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں، خاندانی ذرائع کے مطابق آیت اللہ درانی کی تدفین آبائی علاقے پڑنگ آباد میں ہوگی۔