اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سطح پر لوگ امن کے خواہاں ہیں اور بھارت میں بھی امن کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے آج پھر بھارت کو امن کی دعوت دی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو سیاسی مقاصد کیلئے خطے کا امن خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سوچ کی بدولت بھارت میں بھی امن کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، پاکستان میں ہر سطح پر لوگ امن کے خواہاں ہیں، جنگ مسئلے کا حل نہیں ،خطے میں امن بہت ضروری ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی عوام نے دہشت گردی کیخلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے ،پاکستان شدت پسندی کیخلاف جنگ بھی کامیابی سے لڑ رہا ہے۔