اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب دے کر ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں، بھارت کے اوپر دباؤ بڑھتا جارہا ہے اور مزید بڑھے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت سے اس کی اپنی صلاحیت متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہمیں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کے اوپر دباؤ بڑھتا جارہا ہے اور مزید بڑھے گا، بھارت اس معاملے پرمنقسم ہے جبکہ پاکستان میں اتحاد ہے کیونکہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے، بھارت کسی نہ کسی بہانے سے معاملات ٹالنے کی کوشش کررہا ہے.
ایک سوال کے جواب میں فوادچوہدری نے کہا کہ یو اے ای اور سعودی عرب نے اس معاملے میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، جنرل قمر باجوہ
واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی مختلف ممالک کے فوجی سربراہان سے ٹیلی فونک گفتگو میں واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں۔