منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا، کیلنڈر کو ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات میں بھی اصلاحات شروع کی تھیں، سرکاری ٹی وی پر اپوزیشن کو یکساں وقت دینے کے احکامات دیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اشتہارات کے نظام میں شفافیت لانے کی کوشش کی، ایک ارب روپے کی اشتہارات کی بچت کر کے حکومت کو دی۔

انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر 15 روز میں تیار کر لیا جائے گا، تمام علما قابل احترام ہیں، کوشش کریں گے سائنس پر انحصار کریں۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ رویت ہلال کا 15 ویں روزے سے پہلے 5 سال کا کیلنڈر تیار ہوجائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وہ چاند دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں سامنے بیٹھا شخص دکھائی نہیں دیتا، کیلنڈر کو ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔ 100 سال سے پرانی دوربین سے چاند دیکھا جاتا ہے، ماڈرن دوربین سے دیکھنا حرام اور پرانی دوربین سے دیکھنا حلال ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے پاس 3 یونیورسٹیاں ہیں۔ 9 ویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے جدید لیب بنائی جائیں گی، یونیورسٹیاں سائنس کے طلبہ کے لیے نصاب تشکیل دیں گی۔ سائنس میں دلچسپی رکھنے والی لڑکیوں کے لیے الگ پروگرام چلایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنہ 2022 میں ہمارا پہلا خلا باز خلا میں جائے گا، خلا میں بھی بھارت کو مات دیں گے۔ اگست کے مہینے کو سائنس و ٹیکنالوجی کے مہینے کے طور پر منائیں گے۔ پاکستان بھر سے جس نے بھی جو چیز ایجاد کی انہیں شوکیس کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ 30 دیہاتوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کریں گے۔ ہلال اتھارٹی کو فنکشنل کیا جا رہا ہے، لیبارٹریز اپ گریڈ کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں