ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

شریف برادران ذہنی طور پر مفلوج اور عقلی بحران کا شکار ہیں، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف برادران ذہنی طور پرمفلوج اور عقلی بحران کا شکار ہیں، عمران خان نے کے پی میں ترقیاتی کام اور کرپشن کا خاتمہ کیا۔

یہ بات انہوں نے شہباز شریف کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اپنے درعمل میں کہی، فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کے پی میں جب حکومت سنبھالی تو صوبہ جنگ زدہ تھا، کرپشن اور بدانتظامی نے پختونخوا کو مکمل بدحال کر رکھا تھا۔

صوبائی حکومت نے تعلیم کے فروغ میں اہم اقدامات کیے جس کے سبب کے پی میں تعلیم پر سرمایہ کاری کے اثرات نسلوں برقرار رہیں گے۔ اس کے علاوہ کے پی حکومت نے5سال میں درجن بھرنئی جامعات اوراسپتال بنائے۔ پی ٹی آئی نے جنگ زدہ صوبے کو گورننس اور انسانی ترقی میں آگے لاکھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کرپشن کے خاتمے کا اپنا وعدہ نبھایا ہے، عمران خان نے کرپشن الزامات پر وزیر اور درجنوں اراکین اسمبلی کو نکالا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ کے پی میں کرپشن میں ملوث وزیر اور سرکاری عملے کا باضابطہ احتساب کیا گیا۔ کے پی میں حکومت نے ہزاروں پڑھے لکھے نوجوانوں کو قابلیت پر روزگار فراہم کیا۔

مزید پڑھیں :شہباز شریف نے عمران خان اور تحریک انصاف کے سامنے  26سوالات رکھ دیے

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی تقاریر میں خود کہا کرتے تھے کہ بجلی کا بحران ختم نہ کیا تو میرا نام بدل دینا، شہباز شریف میں شرم و حیا باقی ہے تو اپنا نام ہی تجویز کردیں۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عمران خان اور تحریک انصاف کے سامنے 26 سوالات رکھ دیے، جس میں کے پی میں ہونے والے ترقیاتی کام، تعلیم صحت سے متعلق اقدامات اور دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے سوالات پوچھے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سنجیدہ جواب ملیں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں