اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع سیاسی جماعتوں کےاتفاق رائے پرمنحصرہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ ملک کو فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے پرمنحصرہے، حکومت توسیع کےمعاملے پرسیاسی اتفاق رائے کی کوشش کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ اتفاق رائے ہوا توفوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ہوگی ورنہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام غیرمعمولی حالات میں ایک غیرمعمولی قدم تھا، فوجی عدالتوں نے کامیابی کے ساتھ ڈیلیور بھی کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں فوجی عدالتیں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پردہشت گرد حملے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت 2015 میں قائم کی گئیں تھیں۔
فوجی عدالتیں ابتدائی طور پر دو سال کی مدت کے لیے قائم ہوئیں تاہم مارچ 2017 میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے 23 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ان کی مدت میں 2 سال کی توسیع کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی تیز پیروی کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم فوجی عدالتوں کی دوسری 2 سالہ آئینی مدت اتوار کو مکمل ہوگئی۔