اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے اگر پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تو وہ اسے’جہاز‘ بنا کر کھیلیں گے ان کے اقدام پر صدر مملکت انہیں برطرف کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان مس کنڈیکٹ کی بنیاد پر اپنے عہدے سے برطرف ہوں گے جس کے بعد آئین سبوتاژ کرنے پر ان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے وفاقی حکومت کو ریفرنس بھیجا جاسکتا ہے جبکہ آئین کہتا ہے کہ وزیراعلیٰ تب تک برقرار رہے گا جب تک نمبر گیم اس کے ساتھ ہے۔
یہ پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن تیار کرلیا گیا
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ابھی نمبر واضح طور پر پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں گورنر انہیں نہیں ہٹا سکتے اگر وہ ایسا کریں گے تو یہ غیرقانونی ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کی تھی جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ کیا گیا تھا۔
پی پی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کا حکم آئین کے مطابق ہے جبکہ بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔