The news is by your side.

Advertisement

”اپوزیشن بیرونی آقاؤں سے ڈکٹیشن لے رہی ہے“

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن بیرونی سازش کا حصہ ہے اور بیرونی آقاؤں سے ڈکٹیشن لے رہی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تین فیصلے کیے گئے، اجلاس میں دھمکی مراسلے کو پیش کیا گیا، دھمکی آمیز مراسلے پر وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے ہم نے کچھ پارلیمانی لیڈرز کو ثبوت دکھانے کے لیے بلایا، پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس طلب کیا گیا، اپوزیشن پارلیمانی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن بیرونی سازش کا حصہ ہے، اپوزیشن بیرونی آقاؤں سے ڈکٹیٹیشن لے رہی ہے، اپوزیشن سازش میں پوری طرح ملوث ہے، عمران خان کو ہٹانے کی سازش بیرونی ایجنڈا ہے، نوازشریف کی ملاقات ہندوستان اور اسرائیل حکام سے ملاقاتیں ڈھکی چھپی نہیں، عمران خان کو ہٹانے کی عالمی سازش میں میڈیا کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں، پاکستانی عوام اس سازش کو دیکھ رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان آخری گیند تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں، وزیراعظم کسی بھی قیمت پر استعفیٰ نہیں دیں گے، آزاد خارجہ پالیسی کی قیمت  آزاد سوچ رکھن ےوالوں کو دینی پڑتی ہے، پاکستان کے عوام حق حاکمیت پر سودے بازی کو مسترد کرتی ہے، پاکستان کے لوگوں کے وقار اور پاسپورٹ کی عزت کیلئے پوری طرح کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی میر جعفر میر صادق کا تعاون ایسٹ انڈیا کو نہ ملتا تو کچھ نہ ہوتا، اپوزیشن کو چاہیے کبھی تو قومی غیرت کا مظاہرہ کرے، قومی سلامتی اجلاس کے اعلامیہ میں دیکھ لیں گے کہ پوری قیادت کا کیا مؤقف ہے، اس معاملے کو جان بوجھ کر روکا گیا کیوں کہ او آئی سی کانفرنس ہونا تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایم این ایز کو کہتا ہوں کیا آپکی غیرت اجازت دیتی ہے کہ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں، تحریک عدم اعتماد سیاسی معاملہ ہے، عمران خان ہی وزیر اعظم رہیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں