ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے، وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی رفتار بہت تیز ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ٹوٹی پھوٹی حالت میں ملی۔ کوشش کی وزارت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت کے تحت بائیو ٹیکنالوجی پارکس بنا رہے ہیں۔ جہلم میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پارک بنانے جا رہے ہیں۔ ڈرون کی ٹیکنالوجی کو زراعت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیئے۔ ماضی میں پاکستان فائبر آپٹک بچھانے والا پہلا ملک تھا۔

انہوں نے کہا کہ جوان پاکستان کے ساتھ مل کر نیا پروگرام لانچ کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مستقبل جدید تعلیم کے ساتھ منسلک ہے۔ طلبا یونین کو بھی بحال کرنا چاہیئے۔ سیاست کا کسی بھی جمہوری دور میں اہم حصہ ہوتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی طلبا یونینز کو تشدد سے پاک ماحول میں کام کرنا چاہیئے، جمہوری ملک میں طلبا یونینز سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں نے طلبا تنظیموں کو استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے۔ یوں لگ رہا ہے ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم آپس میں ڈائیلاگ کریں۔ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان مل بیٹھیں۔ وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے ایک قومی ڈائیلاگ ہو، ڈائیلاگ میں آنے والے چیف جسٹس، جسٹس گلزار کو بھی شامل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں