پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

مریضوں کو زبردستی تنہائی اور رسیوں سے باندھنے جیسے تماشوں سے باز رہا جائے: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں کو زبردستی تنہائی، رسیوں سے باندھنے، مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کی سہولت نہ دینے کا تماشہ نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کابینہ نے واضح ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس کے مریض ویسے ہی علاج صحت اور امید کی توقع رکھتے ہیں جیسے کوئی دوسرا مریض۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات ہوئے ہیں جیسے کرونا کا مریض کوئی مجرم ہے، زبردستی تنہائی، رسیوں سے باندھنا، مرضی کے اسپتال اور ڈاکٹر سے علاج کی سہولت نہ دینا یہ کیا تماشہ ہے؟

گزشتہ روز وفاقی وزیر نے بتایا تھا کہ پی ای سی کو وینٹی لیٹرز کے 48 ڈیزائن موصول ہوئے تھے جس میں سے 3 منظور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حتمی منظوری کے لیے تینوں ڈیزائن ڈریپ کو بھجوا دیے ہیں، منظوری کے بعد وینٹی لیٹرز کی آزمائش 4 اسپتالوں میں کی جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منظوری کے بعد کمرشل بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی تیاری شروع کردی جائے گی، مقامی طور پر تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز کی قیمت کئی گنا کم ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں