سی پیک میں سعودی عرب کی شراکت پر چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیر احسن اقبال کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں سعودی عرب کی شراکت پر چین کو اعتماد میں لیا۔ سی پیک میں توسیع پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت کے بعد سابق دور حکومت کے وزیر احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ کیا سی پیک میں سعودی عرب کو شامل کرنے سے قبل چین کو اعتماد میں لیا گیا؟
Has China been taken into confidence? CPEC is a bilateral project in which induction of any other country has to have concurrence of both sides. https://t.co/a23rOcLBC4
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) September 20, 2018
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کسی بھی ملک کی شمولیت پر دونوں فریقین (پاکستان اور چین) کا متفق ہونا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے احسن اقبال کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں سعودی عرب کی شراکت پر چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
Yes China has been taken into confidence, expansion of CPEC is in China and Pakistan interest. Pak ll be a centre of economic activity of this region, era of darkness is over. https://t.co/m8AvLIuAEJ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 21, 2018
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں توسیع پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے۔ تاریک دور ختم ہوگیا، پاکستان خطے میں معاشی سرگرمی کا مرکز بنے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ سعودی عرب پہلا ملک ہے جس کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دی ہے، سی پیک میں سعودی عرب تیسرا شراکت دار ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے شمولیت کی دعوت دی گئی ہے، بڑی شراکت داری کی ابتدا ہوگئی۔
فواد چوہدری کے مطابق سعودی عرب اب پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، وزیر اعظم عمران خان کے اہم دورے کے بعد سعودی عرب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی، سعودی عرب کو یقین دلایا ہے کہ ان کے سیکورٹی معاملات میں مدد کریں گے۔