اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک ٹی وی چینل اور اینکر کی خواہش ہے کہ ملکی سلامتی کے ادارے اور ان کے سربراہان میں دراڑ ڈالی جائے، لیکن یہ ان کی خواہش ہی رہے گی۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہی، فواد چوہدری نے چینل اور اینکر کو ایک شعر کی صورت میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے‘‘ اب ان کیخلاف کارروائی ہو تو فوراً جمہوریت خطرے میں آ جائے گی، بہرحال احتیاط علاج سے بہتر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کے تمام ادارے اور اداروں کے سربراہان میں جو باہمی روابط اور تعاون ہے، اس کی مثال نہیں ملتی، انشاللہ٘ پاکستان ایک ایسے راستے پر رواں دواں ہے جس کی منزل خوشحال اور مستحکم پاکستان ہے، اور ہمیں یہ ادراک ہے کہ یہ سفر صرف مل کر ہی طے ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں ایم نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ والوں کی عادت ہے کہ خوشی ذرا پہلے ہی منانا شروع کردیتے ہیں اور بعد میں خوشی کے یہی لڈو ان کے گلے سے اترنا مشکل ہوجاتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں امیر اور غریب کے لئے علیحدہ علیحدہ نظام چل رہاہے، خوف کی فضاء میں کاروبار نہیں ہوسکتا، اداروں کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا چاہئے۔