اسلام آباد : وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے رویت ہلال کمیٹی میں وزارت سائنس کی شمولیت خوش آئند قرار دے دی اور کہا مذہبی تہوارہمارے اتحاد کاباعث ہونے چاہئیں نہ کہ تفریق کا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہویے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی میں وزارت سانئس کی شرکت خوش آئندہے، کابینہ اجلاس میں ایک چانداورایک عیدسےمتعلق قانون سازی کافیصلہ کیا گیا تھا۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ مذہبی تہوار ہمارے اتحاد کا باعث ہونےچاہئیں، جمہوریت میں فیصلوں سےمتعلق ہرایک کی اپنی رائےہوتی ہے، پارلیمان میں مجموعی طورپرروابط بہت اچھےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں طبی عملےاورڈاکٹروں کوساتھ لےکرچلناچاہیے، ہمیں اپنےڈاکٹروں اور طبی عملے پر فخر ہے۔
گذشتہ روز پاکستان کی تاریخ میں پہلی باروزارت سائنس کورویت ہلال کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا ، وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر طارق مسعود بطورٹیکنیکل ایکسپرٹ رویت ہلال کمیٹی کاحصہ ہوں گے۔
وزارت سائنس نے رمضان کا چاند نظر آنے سے متعلق تصاویر بھی جاری کی تھی، تصاویر میں 23 اپریل کو پشاور میں مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی، افق پر چاند کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی، خیبرپختونخواہ میں کسی بھی جگہ چاند دوربین سے نظر آنا بھی نا ممکن ہے، پاکستان میں 23 اپریل کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ رمضان المباک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔