پیر, جون 24, 2024
اشتہار

فواد چوہدری کا سپریم کورٹ کو خط، میڈیا شکایات کے لیے قانون میں ترمیم کی درخواست

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ الیکٹرانک اور جدید ذرائع سے شکایات کے لیے قانون میں ترمیم کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ وہ ایک عوامی معاملے پر چیف جسٹس کی توجہ چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے خط میں لکھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، میڈیا معاشرے میں گہری رسائی کے ساتھ طبقات پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے لکھا کہ ہتک عزت اور توہین آمیز اشاعت کے خلاف قوانین کا نفاذ مؤثر نہیں ہے، درخواست ہے جوڈیشل کمیٹی آئندہ اجلاس میں اس پر غور کرے۔

وزیرِ اطلاعات نے لکھا ’غیر مؤثر قانون سے انصاف اور احتساب کے عمل میں رکاوٹ آئی ہے، ہر شہر اور ضلع میں ججز کو تعینات کرنے کی تجویز ہے، 50 لاکھ یا اس سے زائد آبادی کے اضلاع میں 4 ججز تعیناتی کیے جائیں۔‘

یہ بھی پڑھیں:  ہمارے نوجوان ریسرچرز ہیروں کی مانند ہیں، صرف تراشنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبد القدیر خان

انھوں نے سپریم کورٹ کو خط میں تجویز دی کہ 25 لاکھ یا اس سے زائد آبادی کے اضلاع میں 2 ججز، 25 لاکھ سے کم آبادی کے اضلاع میں ایک جج تعینات کیا جائے۔

فواد چوہدری نے خط میں درخواست کی کہ ثبوت، شہادت اور شکایت کے عمل کو سہل بنایا جائے، شہادت کی ویڈیو ریکارڈنگ قانون کو بھی نافذ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹس ویڈیو ریکارڈنگ قانون کا نفاذ یقینی بنائیں، اس اقدام سے بد نیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں