اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بجٹ کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بجٹ 2021-22 پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آج ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
انھوں نے لکھا کہ بجٹ میں صوبوں کے حصے میں 27 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے صوبے اپنے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کر سکیں گے، جب کہ حکومت نے تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ٹیکس میں بھی رعایتیں دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ آج اپوزیشن کے شور شرابے میں پی ٹی آئی حکومت کا تیسرا بجٹ پیش ہوا، وزیر خزانہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا اس بار غریب کو مکمل پیکج دیں گے، سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10 فی صد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، کم سےکم اجرت 20 ہزار روپے ماہانہ ہوگی، کم آمدنی والے طبقے کے لیے کئی شعبوں میں قرض اور مراعات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
الحمدللہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ 900 ارب روپے کااعلان کیا گیا ہے، صوبوں کے حصے میں 27 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے صوبے اپنے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرسکیں گے، تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ٹیکس میں بھی رعائیتین دی گئ ہیں۔ #Budget2021
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 11, 2021
آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 40 فی صد اضافہ کیا گیا ہے، ترقیاتی فنڈ 600 ارب روپے سے بڑھا کر 900 ارب روپے کر دیا گیا، کراچی بحالی منصوبے کے لیے وفاق 98 ارب روپے دے گا، سندھ کو 12 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے سال 21-22 کا بجٹ پیش کردیا
آبی وسائل کے تحفظ کے لیے 91 ارب روپے رکھے گئے ہیں، مہمند ڈیم کے لیے 6 ارب، دیامر بھاشا کے لیے 23 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کے ون، کے فور اور تربیلا کے لیے 16 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
بجلی منصوبوں کے لیے 118 ارب روپے، حیدرآباد، سکھر ٹرانسمیشن لائن کے لیے 12 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔