لاہور : ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پابندی عائد کرنے کے باوجود شریف خاندان کی شوگر ملیں اب تک کام کر رہی ہیں جو کہ توہینِ عدالت کے مترادف ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب میں مزید نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی عائد کرنے کے تاریخی فیصلے کو سراہتے ہیں کیوں کہ یہ فیصلہ مفادِ عامہ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی شوگر ملوں پر لگی پابندی کو اُٹھالیا تھا اور اپنے اہلِ خانہ کو نوازنے کا سلسلہ شروع کردیا تھا جس کا خمیازہ عام کسانوں کو اُٹھانا پڑا۔
*سپریم کورٹ کا شریف خاندان کی 3شوگر ملزکو بند کرنے کا حکم
فواد چودھری نے کہا کہ سچ کا بول بالا ہوا اور آج سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب میں مزید نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی عائد کرکے شریف فیملی کی 3 شوگر ملوں کو کام کرنے سے روک دیا جو قابل ستائش عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس کی سماعت کچھ وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہورہی ہے اور ہمیں امید ہو چلی ہے کہ جلد ہی کیس کا فیصلہ منظر عام پر آئے گا اور کرپٹ حکمرانوں کو قوم کے سامنے بے نقاب ہونے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔