سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف ایک حقیقت ہیں اور اس حقیقت کو تسلیم کر کے آگے بڑھا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور گولیاں برسا کر بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان آپ سے مائنس نہیں ہو رہے تو مان لیں کہ وہ ایک حقیقت ہیں اور اس حقیقت کو تسلیم کر کے آگے چلیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دو دن قبل لگ رہا تھا کہ معاملات سلجھ گئے ہیں اور اب کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی لگا دیں گے۔ پی ٹی آئی تو آپ نے پہلے ہی ختم کر دی تھی، اب تو صرف اس کے بانی عمران خان ہی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے نفی نہیں کیا جا سکتا۔ اس وقت مذاکرات کے ذریعے سیاسی ٹمپریچر کو نیچے لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانیوں کو سانس لینے دیں، کتنی دیر سانسیں بند کر کے رکھیں گے۔