اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کا سر ہے نا پیر، کوئی پی ٹی آئی ممبر اس اسمبلی میں جانے کو تیار نہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس اسمبلی کو کوئی بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عزت دار آدمی اس اسمبلی کے راجہ ریاض جیسے اپوزیشن لیڈر کی کمیٹی سے خود کو کیسے منتخب کراسکتا ہے؟
فواد چوہدری نے کہا کہ جو بےضمیر شخص لوٹوں کی سربراہی کرکے کمیٹی سے آتا ہےاس کا تو کردار ہی مشکوک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور منی لانڈرنگ کیس کا بڑا ملزم شہباز شریف ملک کا وزیراعظم ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت قومی اسمبلی کی حالت مقبوضہ اسمبلی جیسی ہے، آپ کبھی مقبوضہ اسمبلی کا حصہ نہیں بنتے، میں نے اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے فیصلے کودرست قرار دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قومی اسمبلی کا سر ہے نا پیر، کوئی پی ٹی آئی کا ممبر اس اسمبلی میں جانے کو بھی تیار نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اداروں کیلئے ہمارا دل سے احترام ہے توقع ہے وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔