بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

"صدقےاس تھانیدارکےجس نےسب کوماں کی یادکرائی” فواد چوہدری کا دلچسپ تبصرہ

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری  نے اپوزیشن رہنماؤں کی چوہدری برادران سے ملاقاتوں پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدقے اس تھانیدار کے جس نے سب کو ماں کی یاد کرائی۔

فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو اور اپنے ایک بیان میں اپوزیشن رہنماؤں کی چوہدری برادران سے ملاقاتوں پر دلچسپ تبصرہ کیا اور اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آج کل دیکھ رہا ہوں کہ سیاستدان چوہدری برادران سے ملاقاتیں کررہے ہیں، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان بھی ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے ہیں۔

انہوں نے ان ملاقاتوں پر پنجابی زبان کا محاورہ دلچسپ پیرائے میں بولتے ہوئے کہا کہ صدقے اس تھانیدار کے جس نے سب کو ماں کی یاد کرائی۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الٰہی شہباز کو چائے پلائیں گے اس سے زیادہ اپوزیشن کو ق لیگ سے کچھ نہیں ملے گا، اپوزیشن اب تک تحریک عدم اعتماد کی تاریخ تک نہیں دے سکی ہے، ان تلوں میں تیل نہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ فضل الرحمٰن مدرسوں اور ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں، پنڈدادن خان میں تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔

واضح رہے کہ ان دنوں اپوزیشن رہنما تواتر سے چوہدری برادران سے ملاقات کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف چوہدری برادران کی رہائشگاہ پہنچ گئے

گزشتہ روز فضل الرحمان نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی اور اتوار کے روز شہباز شریف  نے چوہدریوں سے ملاقات کی۔

چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد شہباز شریف میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں