لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب پراسیکیوٹر زائد اثاثوں کے کیس میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
تحریری فیصلے کے مطابق جس کمپنی نے پلازہ کی خریداری کی ملزم اس کمپنی کا ڈائریکٹر ہی نہیں، پلازہ کی خریداری میں ملزم کے اکاؤنٹ سے رقم منتقلی نہیں ہوئی، پلازہ کی خریداری کی ڈیل میں بھی ملزم کا کوئی کردار سامنے نہیں آیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے تحریری فیصلے میں کہا کہ فواد حسن فواد کی ایک کروڑ کے مچلکے پر ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت پر رہائی کا حکم
خیال رہے کہ دو روز قبل عدالت نے اثاثہ جات کیس میں گرفتار نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرا کے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
نیب نے فواد حسن فواد کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کر لیا، فواد حسن فواد کے خلاف ضمانت خارج کرانے کے لیے نیب نے اہم نکات تیار کر لیے۔