ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: احتساب عدالت کے حکم پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے درخواست کی تھی کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

احتساب عدالت نے 21 جولائی کو نیب کی درخواست پر فواد حسن فواد کا دوسری مرتبہ 14 دنوں پر مشتمل جسمانی ریمانڈ دیا تھا، جس کے اختتام پر عدالت نے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے احکامات جاری کر دیے۔

خیال رہے کہ نیب کی درخواست پر احتساب عدالت دو مرتبہ فواد حسن فواد کا جسمانی ریمانڈ دے چکی ہے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں نیب کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر نیب نے انھیں 5 جولائی کو گرفتار کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ ملزم فواد حسن فواد نے بہ طور سیکریٹری امپلیمینٹیشن پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طاہر خورشید کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کیے اور سرکاری طور پر کنٹریکٹ حاصل کرنے والے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکا معطل کرایا۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ، فواد حسن فواد مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

نیب کے تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے کاسا کمپنی کو ٹھیکا دلانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، جس کی بنا پر حکومت کو 60 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا جب کہ فواد حسن فواد کی وجہ سے پراجیکٹ کی قیمت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہوا۔

ملزم فواد حسن فواد کا مؤقف ہے کہ انھوں نے کسی کمپنی کا ٹھیکا منسوخ کیا نہ کسی نئی کمپنی کو دیا، آشیانہ اقبال ٹھیکے میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے حکم پر انکوائری کا حکم دیا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں