اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حسین نواز سرکاری پروٹوکول کے ہمراہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے‘ نوٹس لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے فرزند حسین نواز آج پاناما کیس کی تفتیش کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور دو گھنٹے تک سوالات کے جوابات دیتے رہے۔
اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسین نواز کی پیشی بڑی اورخوش آئند پیش رفت ہے لیکن ان کی جگہ کوئی اورہوتا تو گرفتار کرکے پیش کیا جاتا۔
حسین نواز نے جی آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا
انہوں نے کہا کہ وضاحت کی جائے کہ آخر حسین نواز 18سال کی عمرمیں زمانہِ طالب علمی کے دوران ہی ارب پتی کیسے بن گئے۔
فواد چوہدری نے اعتراض کیا کہ حسین نواز نے ملزم کی حیثیت سے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن وہ سرکاری پروٹوکول کے ہمراہ گئے‘ جے آئی ٹی کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ حسین نواز سوالوں کے جواب دینے گئے تھے یا جے آئی ٹی کو ’اکڑ دکھانے‘ گئے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو چاہیے کہ اپنی تحقیقات بروقت مکمل کرے کیونکہ سپریم کورٹ تاخیراورمداخلت برداشت نہیں کرےگی۔