جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

نوازشریف نے پاکستان کےساتھ دشمنی کی، بیان بہت خطرناک ہے، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی، بیان بہت خطرناک ہے، نوازشریف کا بیان بین الاقوامی سازش اور بھارتی ایما پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے بیان پر کہا کہ نوازشریف نے جو متنازع بیان دیا اس سے پہلے کسی نے نہیں دیا، سابق وزیراعظم کا بیان بہت خطرناک ہے، نوازشریف نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، کلبھوشن پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلارہاتھا، نواز شریف کا بیان بین الاقوامی سازش اور بھارتی ایما پر ہے، بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک قراردینا چاہتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ ورکرز نوازشریف کےبیان پرسخت نالاں ہیں، کل کے بیان کے بعد ن لیگ کے بہت لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا۔

یاد رہے آج صبح احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے اخبارمیں شائع انٹرویو کا مخصوص حصہ پڑھ کرسنایا اورکہا کہ حق بات کہوں گا چاہے کچھ بھی سہنا پڑے، میں نے ایسا کیا کہا ہے، کون سی غلط بات کی۔


مزید پڑھیں : حق بات کہوں گا چاہے کچھ بھی سہنا پڑے‘ نوازشریف


نواز شریف کا کہنا تھا کہ کہا کہ کہا جا رہا ہے بھارت کی طرف سے شواہد نہیں دیے گئے، ہمارے پاس بھی کم شواہد نہیں ہیں، بہت شواہد ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 50 ہزار لوگ شہید ہوئے ہیں، سیکورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں نے قربانیاں دیں، میں کئی سالوں سے کہتا آرہا ہوں کہ اتنی قربانیاں دی ہیں لیکن دنیا میں ہمارا بیانیہ نہیں سنا جا رہا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ملوث تھیں، یہ لوگ ممبئی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔

جس کے بعد نواز شریف کے متنازعہ بیان کو بھارتی میڈیا نے بھارت کی فتح قرار دیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں