لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میاں صاٖحب کو چاہیے کہ وہ چوری کا مال واپس کرنے کی تیاری کریں، نواز شریف کی جیبوں اور تجوریوں سے مال مسروقہ برآمد کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف کے ملتان جلسے میں خطاب کے ردعمل میں اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جیل اب آپ کو جانا ہی ہوگا، قوم کی کمر پر لادا گیا قرضوں کا بوجھ نواز شریف کی تجوریوں کے پیسوں سے ادا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود کو خیبر پختونخواہ کے آئینے میں دیکھیں گے تو انہیں شرم سے ڈوب مرنا ہوگا، کے پی میں وہ کارکردگی دکھائی جس کا آپ کے لیے تصور کرنا محال ہے، ملتان کے عوام نے بھی کرپٹ خاندان سے بیزاری کا اظہار کر دیا، عوام تو پہلے بھی نواز شریف کے جلسے میں نہیں آتے تھے، اب تو پٹواریوں نے بھی آنا چھوڑ دیا ہے۔
ن لیگ پارلیمنٹ میں آکر نااہلی کا فیصلہ ختم کر دے گی: نواز شریف
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملتان میٹرو سے ہونے والی ترقی چینی حکام نے بے نقاب کی جبکہ کے پی میں عمران خان پھر آرہا ہے لیکن پنجاب آپ سے جان چھڑوا رہا ہے، جو غلط فہمیاں نواز شریف کے ذہن میں ہیں چند روز میں دور ہوجائیں گی۔
خیال رہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ملتان تمہارے پشاور سے بہتر ثابت نہ ہوا، تو میں ووٹ مانگنا چھوڑ دوں گا، عمران خان سے تو پشاور کی میٹرو آج تک نہیں بن سکی، نیا پاکستان جسے دیکھنا ہے ملتان آکر دیکھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔