لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے اخبارات نے نواز شریف اور شہباز شریف کو کرپٹ کہا ہے، حمزہ شہباز اسمبلی ہال میں آئیں، ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم کو دھوکہ دے گئے، 16 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی میں ن لیگ نے غنڈہ گردی کی، سب نے دیکھا کس طرح سیکرٹری اسمبلی کو زخمی کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اسپیکر پرویز الہی کے مائیک کو کنٹرول کرنے کی بھی کوشش کی، پنجاب اسمبلی میں 6ممبران پرپابندی لگائی گئی، ن لیگ دورمیں پنجاب اسمبلی ارکان پرپابندی لگ چکی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی ہمارامان ہیں، ہمارے ووٹوں سےمنتخب ہوئےعزت دینی پڑے گی، حیرت ہے حمزہ شہباز کہہ رہے ہیں کہ پہلے ایسا نہیں ہوا، آپ کریں تو رام لیلا دوسرا کرے تو کریکٹر ڈھیلا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بجٹ پر بحث کا آغاز اپوزیشن لیڈر کی تقریر سے ہونا چاہیئے تھا لیکن آج بھی اپوزیشن نےپنجاب اسمبلی میں قانون کی دھجیاں اڑائیں اور حمزہ شہباز نے عوام کی نمائندگی کو جوتی کی نوک پر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں : ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے، فیاض الحسن چوہان
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے اخبارات نے نواز شریف اور شہباز شریف کو کرپٹ کہا ہے، حمزہ شہباز اسمبلی ہال میں آئیں، ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے وہ بجٹ پیش کیا ہے جس میں الفاظ کی ہیرا پھیری نہیں ہے، کسی کشمیری سےمتعلق پلس یامائنس استعمال نہیں کیا، گھر کے حالات ٹھیک نہیں، صوبے کے حالات ٹھیک کرنے میں چھ مہینے لگ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حبیب جالب کی بیوہ کا وظیفہ شہباز شریف کی حکومت نے تین یا چار سال پہلے بند کیا تھا، اگر حبیب جالب کی بیٹی درخواست دیں گی تو ان کا وظیفہ بحال کر دیا جائے گا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا سب سے بڑاکرپٹ نوازشریف ہے، حمزہ شہباز کےمنہ پریہ الزامات اچھےنہیں لگتے۔