شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ اگر فواد خان اور ہانیہ عامر نے بھارت سے متعلق کچھ نہیں کہا تو تنقید نہ کریں۔
سینئر اداکار فیصل قریشی نے حالیہ انٹرویو میں فواد خان اور ہانیہ عامر کا دفاع کیا اور کہا کہ ایسے معاملات میں آرٹسٹ پہلے ہی دباؤ میں ہوتے ہیں انیہں مزید نشانے پر نہ لیا جائے۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ کس نے بولنے کا فیصلہ کیا، کس نے نہیں اور کس نے دیر سے بولا ہمیں اپنے لوگوں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے، ہم اتحاد کی بات کرتے ہیں، تو پھر ہم دوسروں سے زبردستی کیوں بولنے کی توقع رکھیں؟ میں اپنا کردار ادا کروں گا۔
اداکار نے کہا کہ میں اس سے متعلق نادیہ خان سے بھی بات کر چکا ہوں۔ میں نے نادیہ خان کو فون کر کے کہا تھا کہ یہ سب نہیں ہونا چاہیے۔ نادیہ میری بہت اچھی دوست ہیں۔
انہوں نے فواد خان اور ہانیہ عامر کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ تنقید بالکل اچھی نہیں لگی جو ان دونوں پر کی گئی ہاں، مان لیتے ہیں کہ فواد خان نے پہلگام سے متعلق ٹوئٹ کی، مگر وہ اپنی فلم کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر وہ 6 ماہ سے کام کر رہا تھا، اس نے آخر کار اپنی بات کہی، ہانیہ نے بھی ٹوئٹ کی اور ماہرہ تو ابتدا سے ہی آواز بلند کر رہی ہیں۔
فیصل قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ فنکاروں کو اکثر شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے، لوگ غصے میں آکر فنکاروں کو نشانہ بناتے ہیں، جس سے وہ خطرے میں آ جاتے ہیں، یہی کچھ کبھی جنید جمشید کے ساتھ ہوا تھا، لوگ ان کے خلاف نفرت پھیلا رہے تھے، اور ان پر حملہ تک کیا گیا۔